09/11/2026
ہماری ایک خالہ کہا کرتی تھیں ، شوہر سرہانے کا سانپ ہوتا ہے …
اس وقت یہ بات ہمارے لئے ہضم کرنا مشکل تھا ، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ شوہر سانپ ہو … ایسے مرد کے ساتھ عورت کیوں رہے گی بھلا ؟
وقت ثابت کر چکا ہے کہ عورتیں سانپ نما شوہروں کے ساتھ رہتی ہیں ، خطرے کی تمام نشانیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے …
وہ سارہ انعام ہو
حنا جاوید ہو
ٹی وی اینکر ہو
نور مقدم ہو
ملتان کی ثنا ہو
نہ جانے کتنی اور ..
نام اور چہرے بدلتے جائیں مگر مقام نہیں بدلے گا …
شوہر نامی سرہانے کا سانپ …نہ جانے کب ڈس لے…
پستول صاف کرتے ہوئے …
ڈمبلز کے ساتھ کھیلتے ہوئے ..
غصہ نکالتے ہوئے …
ذاتی خلش، اینگزائٹی ، احساس کمتری عورت پہ انڈیلتے ہوئے …
عورتوں کی زندگی اہم نہیں … ان کے ساتھ موجود بچوں کی زندگی اہم نہیں …
اہم ہے تو بس شوہر نامی مرد … جس کو عورت نامی کھلونے سے کھیلنے کا اختیار ہے ..
جب چاہے کھیلے ، جب چاہے توڑ دے …
دوسری طرف باپ اور بھائیوں کا کھیل بھی جاری ہے ۔جنہیں اس بات پہ تکلیف ہو جاتی ہے اگر عورت کوئی بندے کا پتر شوہر کی صورت میں ڈھونڈھ لے ۔
سکردو کی ہانیہ
میانوالی کی ڈاکٹر سدرہ
قندیل بلوچ
زہرا
اور نہ جانے کتنی اور ….
سو چت بھی مرد کی اور پٹ بھی !
یہ سائیکل تب تک ختم نہیں ہوسکتا جب تک عورتیں اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے آپ کو ان کے رحم وکرم پہ نہ چھوڑیں ۔
اور مرد بھی تسلیم کر لیں کہ اگر وہ ایسے ویسے نہیں تو بہت خوب مگر بہت سے پوٹینٹیل کاطل ان کے بیچ گھوم رہے ہیں جنہیں روکنا ان کا فرض ہے …
————-