27/10/2026
پنجاب میں 18 سال سے کم عمر لڑکی سے نکاح اور اس کے نتیجے میں 18 سال کی عمر سے پہلے ازدواجی رہائش، اس کی رضامندی کے باوجود، پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے تحت قابلِ تعزیر معاملہ ہے؛
دفعہ 22-A/22-B کے مرحلے پر عدالت کو صرف قابلِ دست اندازی پولیس جرم کے بادی النظر انکشاف کو دیکھنا ہے، جرم یا نکاح کی حتمی قانونی حیثیت کا فیصلہ نہیں کرنا۔
مختصر حقائق
درخواست گزار محمد اسلم کی تقریباً 15 سالہ بیٹی حنا اسلم لاپتہ ہوئی تو اس کے والد نے نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 365-B تعزیراتِ پاکستان کے تحت ایف آئی آر درج کرائی۔ دورانِ تفتیش لڑکی عدالت میں پیش ہوئی اور دفعہ 164 ضابطۂ فوجداری کے تحت بیان دیا کہ اسے اغوا نہیں کیا گیا بلکہ اس نے اپنی مرضی سے محمد لقمان سے نکاح کیا ہے۔
بعد ازاں والد نے نادرا کے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے ذریعے لڑکی کی تاریخِ پیدائش 01.03.2011 ثابت کی، جس کے مطابق 18.05.2026 کو مبینہ نکاح کے وقت اس کی عمر تقریباً 15 سال تھی۔ مزید یہ کہ میونسپل کمیٹی قصور نے مبینہ نکاح کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے کی اطلاع دی۔
والد نے مبینہ کم عمری کی شادی، جعلی نکاح نامہ اور متعلقہ افراد کے خلاف نئی ایف آئی آر کے اندراج کے لیے دفعہ 22-A/22-B ضابطۂ فوجداری کے تحت رجوع کیا، لیکن جسٹس آف پیس نے درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے پہلے سے درج ایف آئی آر میں متعلقہ دفعات شامل کروانے کا کہا۔
لاہور ہائی کورٹ نے یہ حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے پولیس کو دفعہ 154 ضابطۂ فوجداری کے مطابق درخواست پر کارروائی کا حکم دیا، جبکہ نابالغ لڑکی کو اس کی مرضی کے باوجود محمد لقمان کے حوالے کرنے کے بجائے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی حفاظتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔
---
اہم قانونی اصول / Legal Propositions
1۔ نئی قانون سازی کے بعد 18 سال سے کم عمر کا نکاح
پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے تحت مرد یا عورت دونوں کے لیے 18 سال سے کم عمر ہونا "بچہ" قرار دیا گیا ہے، اور ایسے بچے سے نکاح Child Marriage کے زمرے میں آتا ہے۔
2۔ رضامندی نابالغ کو قانونی تحفظ سے محروم نہیں کرتی
نابالغ لڑکی کا یہ کہنا کہ اس نے اپنی مرضی سے نکاح کیا ہے، بذاتِ خود اسے قانونِ تحفظِ اطفال سے باہر نہیں کرتا۔
عدالت نے واضح کیا کہ قانون 2026 کے تحت 18 سال کی عمر سے پہلے نکاح کے نتیجے میں رضامندی کے ساتھ بھی ازدواجی رہائش (cohabitation) "Child Abuse" بن سکتی ہے۔
3۔ دفعہ 5 پنجاب ایکٹ 2026 کا اہم اصول
18 سال کی عمر سے پہلے بچے کے ساتھ نکاح کے نتیجے میں کسی بھی قسم کی ازدواجی رہائش، رضامندی ہو یا نہ ہو، Child Abuse ہے۔
اس جرم کی سزا کم از کم 5 سال اور زیادہ سے زیادہ 7 سال قید اور کم از کم 10 لاکھ روپے جرمانہ ہے۔
4۔ دفعہ 22-A/22-B کے مرحلے پر حتمی فیصلہ نہیں ہوتا
جسٹس آف پیس کو اس مرحلے پر یہ فیصلہ نہیں کرنا ہوتا کہ ملزم مجرم ہے یا بے گناہ۔
صرف یہ دیکھا جاتا ہے کہ درخواست میں دی گئی معلومات سے قابلِ دست اندازی پولیس جرم (cognizable offence) کے ارتکاب کا بادی النظر میں انکشاف ہوتا ہے یا نہیں۔
اگر ایسا ہو تو پولیس کو قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کرکے تفتیش کرنی چاہیے۔
5۔ عمر کے تنازع کا فیصلہ تفتیش/ٹرائل میں ہوگا
آئینی عدالت دفعہ 22-A کے مرحلے پر عمر کے متعلق متنازع حقائق کا حتمی فیصلہ کرنے کی پابند نہیں۔
اس مقدمے میں نادرا کا CRC موجود تھا جس میں تاریخ پیدائش 01.03.2011 درج تھی، جبکہ جواب دہندگان اس کے مقابلے میں کوئی مساوی معتبر اور معاصر دستاویز پیش نہ کر سکے۔ لہٰذا prima facie لڑکی نابالغ تصور ہوئی۔
6۔ دوسری ایف آئی آر کا اصول
Mst. Sughran Bibi v. The State (PLD 2018 SC 595) کے اصول کے مطابق محض ایک ہی واقعہ کا دوسرا یا متبادل مؤقف سامنے آنے پر دوسری ایف آئی آر درج نہیں کی جا سکتی۔
لیکن موجودہ کیس میں ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ پہلی ایف آئی آر اغوا کے متعلق تھی، جبکہ نئی شکایت کا تعلق نابالغ سے نکاح، مبینہ جعلی نکاح نامہ اور نکاح میں سہولت کاری سے تھا۔
لہٰذا یہ محض پہلے واقعہ کا دوسرا مؤقف نہیں بلکہ مختلف نوعیت کا قابلِ تفتیش واقعہ تھا۔
7۔ پہلی ایف آئی آر میں ہر متعلقہ پہلو کی تفتیش ضروری ہے
اگرچہ دوسری ایف آئی آر کا اصول لاگو ہوتا ہے، لیکن پولیس پر لازم ہے کہ پہلے سے درج ایف آئی آر کی تفتیش کے دوران واقعہ کے تمام متعلقہ پہلوؤں اور سامنے آنے والے مختلف مؤقف کی غیر جانب دارانہ تفتیش کرے۔
8۔ بچے کی مرضی اہم ہے مگر فیصلہ کن نہیں
عدالت نے بچے کی خواہش اور رائے کو نظر انداز نہیں کیا، لیکن بچے کی فلاح و بہبود اور بہترین مفاد (best interests of the child) بنیادی اور غالب اصول ہے۔
لہٰذا حنا اسلم کی محمد لقمان کے ساتھ جانے کی خواہش کے باوجود اسے اس کے حوالے نہیں کیا گیا۔
9۔ نابالغ کی حفاظتی تحویل
جب عدالت کے سامنے بادی النظر میں نابالغ کی شادی اور اس سے متعلق Child Abuse کا معاملہ موجود ہو تو عدالت حفاظتی اقدامات کر سکتی ہے۔
اس کیس میں لڑکی کو والدین یا مبینہ شوہر کے حوالے کرنے کے بجائے Child Protection & Welfare Bureau کی محفوظ تحویل میں رکھا گیا۔
10۔ حتمی فیصلہ نکاح کی قانونی حیثیت پر نہیں دیا گیا
ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر اس نے مبینہ نکاح کو حتمی طور پر درست یا کالعدم قرار نہیں دیا۔ یہ سوال متعلقہ مجاز عدالت میں قانون اور شہادت کی بنیاد پر طے ہوگا۔
11۔ Custody کا فورم
لڑکی کی مستقل تحویل، Guardianship اور Welfare کا فیصلہ Guardian Judge، Guardians and Wards Act, 1890 کے تحت کرے گا۔
12۔ دفعہ 154 ضابطۂ فوجداری کا اطلاق
ہائی کورٹ نے SHO کو حکم دیا کہ درخواست پر دفعہ 154 ضابطۂ فوجداری کے مطابق کارروائی کی جائے اور اگر معلومات سے قابلِ دست اندازی پولیس جرم ظاہر ہو تو ایف آئی آر درج کرکے قانون کے مطابق تفتیش کی جائے۔