08/08/2026
پشین: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی پشین کے جنرل باڈی کا ایک اہم اجلاس ڈسٹرکٹ بار روم میں منعقد ہوا، جس میں سابق صدور ڈسٹرکٹ بار نور خان ترین ایڈوکیٹ اور عبدالمناف بادیزئی ایڈوکیٹ سمیت بار کے جنرل باڈی کے ارکان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس میں بار کی گزشتہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل، نئے انتخابات کے انعقاد اور بار کے وکلاء کے درمیان باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنانے سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پشین ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی، وکلاء کے حقوق، عدلیہ کی آزادی اور جمہوری اصولوں کے تحفظ کے لیے مزید فعال اور منظم انداز میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
اجلاس میں سانحہ 8 اگست کے شہداء اور شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مستونگ عبدالحکیم کاکڑ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء نے قانون، انصاف اور جمہوری اقدار کے لیے جو قربانیاں دی ہیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پشین کے انتخابات کے حوالے سے بھی سیر حاصل بحث کی گئی۔ اجلاس میں انتخابات سے متعلق مختلف پہلوؤں، وکلاء کے باہمی مشاورت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پشین کے ارکان کے درمیان رابطے کو مضبوط بنایا جائے گا اور وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز اٹھائی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور نور خان ترین ایڈوکیٹ، عبدالمناف بادیزئی ایڈووکیٹ، ملک اشرف ترین ایڈوکیٹ، سعید آغا ایڈوکیٹ نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ بار آئین و قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور وکلاء کے اجتماعی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔