27/09/2026
سپریم کورٹ آف پاکستان کا ٹائم اسکیل پر اہم فیصلہ
سپریم کورٹ آف پاکستان نے وفاقی سرکاری ملازمین کے ٹائم اسکیل/ٹائم اسکیل پروموشن سے متعلق متعدد مقدمات میں ایک اہم اصول واضح کیا ہے۔
عدالتِ عظمیٰ کے مطابق اگر کسی مجاز اتھارٹی کی جانب سے ملازمین کے لیے کوئی فائدہ مند آفس میمورنڈم (O.M.) جاری کیا جائے تو متعلقہ محکمہ اس پر عمل درآمد کا پابند ہے، تاہم فائدہ حاصل کرنے کے لیے ملازم کا متعلقہ O.M. میں مقرر کردہ معیار اور مطلوبہ سروس پوری کرنا ضروری ہے۔
اہم قانونی اصول:
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ٹائم اسکیل پروموشن کے معیار میں تبدیلی کرنے والا نیا نوٹیفکیشن یا آفس میمورنڈم ماضی سے لاگو (Retrospective) نہیں کیا جا سکتا بلکہ وہ اپنے اجراء کی تاریخ سے مؤثر ہوگا۔
اسی طرح بعد میں جاری ہونے والا O.M. پہلے سے حاصل شدہ یا Accrued/Vested Rights کو ختم نہیں کر سکتا۔ اگر کسی ملازم نے سابقہ O.M. کے نافذ العمل ہونے کے دوران مطلوبہ سروس مکمل کرکے اپنا حق حاصل کرلیا تھا تو بعد میں معیار تبدیل کرنے یا سابقہ O.M. واپس لینے سے اس حق کو متاثر نہیں کیا جا سکتا۔
2011، 2015، 2021 اور 2025 کے O.Ms کا معاملہ
مقدمات میں ٹائم اسکیل سے متعلق مختلف O.Ms زیرِ بحث آئے، جن میں 23.12.2011، 18.08.2015، 31.03.2021 اور 09.05.2025 کے O.Ms شامل تھے۔ عدالت کے سامنے یہ سوال بھی آیا کہ بعد میں جاری ہونے والے O.Ms کے ذریعے پہلے سے پیدا ہونے والے حقوق کو متاثر کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ ایگزیکٹو آرڈر یا نوٹیفکیشن ماضی میں پیدا ہونے والے قانونی، حاصل شدہ یا بنیادی حقوق کو ختم کرنے کے لیے سابقہ تاریخ سے نافذ نہیں کیا جا سکتا۔
محکموں کو کیا حکم دیا گیا؟
سپریم کورٹ کے سامنے طے پانے والے طریقۂ کار کے مطابق متعلقہ محکمے ہر ملازم کا کیس انفرادی طور پر دوبارہ جانچیں گے اور یہ دیکھیں گے کہ آیا وہ متعلقہ O.Ms کے تحت ٹائم اسکیل پروموشن کے لیے مقررہ شرائط، خصوصاً مطلوبہ مدتِ ملازمت، پوری کرتا ہے یا نہیں۔
اگر ملازم مقررہ معیار پر پورا اترتا ہے تو اسے متعلقہ قواعد اور O.Ms کے مطابق ٹائم اسکیل پروموشن دی جائے گی۔
عدالت نے مزید واضح کیا کہ 31.03.2021 اور 09.05.2025 کے O.Ms سمیت مذکورہ O.Ms کو Retrospective Effect نہیں دیا جائے گا۔
تین ماہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت
متعلقہ حکام نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ مکمل کارروائی تین ماہ کے اندر مکمل کی جائے گی اور ہر متعلقہ ملازم کو اس کے کیس کے بارے میں Speaking Order جاری کرکے آگاہ کیا جائے گا۔
ریکوری کے حوالے سے بھی اہم حکم
جن بعض ملازمین کو پہلے ہی ٹائم اسکیل مل چکا تھا لیکن محکمہ ان سے رقم کی ریکوری کر رہا تھا، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ مذکورہ مکمل جائزہ/ورزش مکمل ہونے تک محکمے ملازمین سے ریکوری نہیں کریں گے۔
خلاصہ
پہلے سے حاصل شدہ حق کو بعد کے نوٹیفکیشن کے ذریعے سابقہ تاریخ سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
اگر کسی ملازم نے متعلقہ O.M. کے نافذ العمل ہونے کے دوران ٹائم اسکیل کے لیے مطلوبہ سروس اور دیگر شرائط پوری کرلی تھیں تو اس کے کیس کا فیصلہ اسی وقت نافذ العمل معیار کے مطابق کیا جانا ہوگا، جبکہ بعد کے O.M. کو سابقہ تاریخ سے لاگو نہیں کیا جا سکتا۔
نوٹ: ہر ملازم کے حق کا تعین اس کے متعلقہ O.M.، سروس کی مدت اور مقررہ شرائط کی روشنی میں اس کے انفرادی کیس کے ریکارڈ کی بنیاد پر ہوگا۔
Allah Nawaz Khosa Advocate