08/06/2026
پریس ریلیز
وائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر بار کونسل ہارون ریاض مغل، صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد راجہ ضیغم افتخار ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد مرتضیٰ احمد میر ایڈووکیٹ کی نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس
آج نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ، وائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر بار کونسل ہارون ریاض مغل ، صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد راجہ ضیغم افتخار ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد مرتضیٰ احمد میر ایڈووکیٹ نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حالیہ واقعات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
بار نمائندگان نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں تمام متعلقہ فریقین کو صبر، تحمل، بردباری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں، قانون کو ہاتھ میں لینے سے گریز کریں اور ہر قسم کے ردعمل کا اظہار پرامن اور آئینی طریقے سے کریں۔
پریس کانفرنس میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی درخواست کی گئی کہ وہ حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کریں تاکہ مزید کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
بار قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مسائل اور اختلافات کا پائیدار حل صرف مذاکرات، مشاورت اور آئینی و قانونی ذرائع کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اس لیے تمام متعلقہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے مسئلہ کا پرامن حل تلاش کرنا چاہیے۔
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ عوامی جذبات، تحفظات اور مطالبات کو سنجیدگی سے سنیں اور ایسے اقدامات اختیار کریں جو امن، استحکام، انصاف اور قانون کی بالادستی کے فروغ کا باعث بنیں۔
بار قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وکلاء برادری ہر حال میں آئین، قانون کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔
جاری کردہ:
ہارون ریاض مغل
وائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر بار کونسل
راجہ ضیغم افتخار ایڈووکیٹ
صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد
مرتضیٰ احمد میر ایڈووکیٹ
سیکرٹری جنرل سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد