29/08/2026
لاہور میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور ٹک ٹاکرز عمر بٹ اور بھالو ریپر کے درمیان جھگڑے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق اے ایس پی ٹاؤن شپ کے دفتر میں ٹک ٹاکرز عمر بٹ اور ظہور چوہان کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہوگئی، جس کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر تشدد کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ٹک ٹاکرز کے ساتھی بھی لڑائی میں شامل ہوگئے اور ایک دوسرے کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے، جس سے اے ایس پی آفس میں ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
پولیس نے ہنگامہ آرائی میں ملوث عمر بٹ، ظہور چوہان سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیے جانے کا پولیس نے دعویٰ کیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ قائد اعظم انڈسٹریل ایریا تھانے میں ٹک ٹاکرز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اے ایس پی آفس میں لڑائی جھگڑا اور ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہماری اطلاعات کے مطابق پولیس نے ٹک ٹاکرز کا بدمعاشی والا بھوت کافی حد تک اتار دیا ہے ۔