14/10/2026
“آپ کے پاس اپنا کام بیچ کر پیسے کمانے کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 سال باقی ہیں۔”ایلون مسک کی اہم وارننگ
ایڈوانسڈ AI اور روبوٹکس کی تیز رفتار ترقی کی وجہ سے انسانوں کے پاس اپنا وقت اور محنت بیچ کر پیسے کمانے کے لیے صرف 10 سال باقی ہیں۔ مسک کا اندازہ ہے کہ 2031 تک دنیا میں 10 کروڑ سے ایک ارب تک ہیومنائیڈ روبوٹس موجود ہوں گے، جو پچھلے 200 سال سے جاری روایتی نوکریوں کے نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ 2027 کے اختتام تک AI ڈیجیٹل دنیا میں ’سپر ہیومن‘ صلاحیتیں حاصل کر لے گی اور 2036 تک وسائل کی اس قدر کثرت ہوگی کہ پیسے کا تصور ہی ختم ہو جائے گا، جس کے بعد حکومتوں کو ’یونیورسل ہائی انکم‘ دینا پڑے گی اور کام کرنا انسان کی مرضی پر منحصر ہوگا۔
دوسری جانب، اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ذہانت بھی بجلی کے میٹر کی طرح بکنے والی چیز بن جائے گی اور نوکریاں ختم کرنا ان کے کام کا حصہ ہے، جبکہ بل گیٹس کا صاف جواب ہے کہ زیادہ تر کاموں کے لیے اب انسانوں کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس ٹیکنالوجیکل یلغار کے باعث 2030 تک دنیا بھر میں 9 کروڑ 30 لاکھ وائٹ کالر ملازمتیں ختم ہونے کا خدشہ ہے، جس کا مطلب ہے کہ آج کی مہنگی کالج ڈگریاں کل روزگار کی ضمانت نہیں رہیں گی۔
جہاں ٹیک مالکان اسے ایک سنہری دور قرار دے رہے ہیں، وہیں معاشی ماہرین شدید بے روزگاری اور آمدنی میں خوفناک عدم مساوات کی وارننگ دے رہے ہیں؛ لہٰذا بقا کا واحد راستہ یہی ہے کہ انسان فوری طور پر ایسی مہارتیں اور ملازمتیں تلاش کریں جو فی الحال AI کی فہرست میں شامل نہیں ہیں۔