02/11/2026
بیرونِ ملک ملازمت: دھوکے اور جعلی کاغذات سے بچیں
بیرونِ ملک اچھی ملازمت کی امید میں اپنی جمع پونجی اور مستقبل خطرے میں نہ ڈالیں۔ ملازمت کی پیشکش قبول کرنے، رقم دینے یا معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے معلومات اور دستاویزات کی تصدیق ضرور کریں۔
ایمیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعہ 18 کے تحت بیرونِ ملک ملازمت کے لیے مائیگریشن سے متعلق دستاویزات میں جعل سازی، یا ایسی جعل سازی کے لیے استعمال ہونے والے آلات یا اشیا اپنے قبضے یا کنٹرول میں رکھنا قابلِ سزا ہے۔ ویزا، پاسپورٹ اور متعلقہ کاغذات میں غیر قانونی ردوبدل یا جعلی دستاویزات کی تیاری کو معمولی معاملہ نہ سمجھیں۔
اسی دفعہ کے تحت دھوکے، جان بوجھ کر غلط بیانی، زبردستی یا نشے کے ذریعے کسی شخص کو بیرونِ ملک جانے، اس مقصد کے لیے معاہدہ کرنے یا روانگی کی غرض سے کوئی جگہ چھوڑنے پر آمادہ کرنا، یا ایسا کرنے کی کوشش کرنا بھی جرم ہے۔ ملازمت کے جھوٹے وعدے اور گمراہ کن معلومات کے ذریعے کسی سے معاہدہ کروانا بھی سنگین قانونی نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
ان جرائم پر جرم ثابت ہونے کی صورت میں 14 سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
اپنے تحفظ کے لیے چند ضروری احتیاطیں:
ویزا، ورک پرمٹ اور ملازمت کی پیشکش کی متعلقہ سرکاری یا معتبر ذرائع سے تصدیق کریں؛ صرف تصویر یا واٹس ایپ پیغام پر اعتماد نہ کریں۔
معاہدے میں ملازمت، تنخواہ، کام کے اوقات، رہائش اور دیگر سہولتوں کی شرائط پڑھیں اور سمجھیں۔ خالی کاغذ یا نامکمل معاہدے پر دستخط نہ کریں۔
ریکروٹنگ ایجنسی یعنی پروموٹر کے ذریعے ملازمت حاصل کر رہے ہوں تو اس کے لائسنس اور متعلقہ ملازمت کی اجازت کی تصدیق بیوروآف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی ویب سائیٹ سے کریں جس کا لنک درج ذیل ہے:
https://beoe.gov.pk/oep-portal
جعلی کاغذات بنوانے، اپنے پاس رکھنے یا استعمال کرنے سے گریز کریں۔ کسی کے کہنے پر غلط معلومات نہ دیں۔
ادائیگی کی رسیدیں، معاہدہ اور متعلقہ پیغامات محفوظ رکھیں؛ ان کی نقول گھر والوں کے پاس بھی چھوڑیں۔
اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ملازمت اور سفری دستاویزات کی حقیقت واضح کریں، درست معلومات فراہم کریں اور کارکن سے ایسی سہولت کا وعدہ نہ کریں جس کی تصدیق موجود نہ ہو۔
آپ کی بروقت تصدیق، درست معلومات اور قانونی طریقۂ کار ہی محفوظ مستقبل کی بنیاد ہیں۔