13/10/2026
اقبال رائل ریذیڈنشیا چنیوٹ میں چنیوٹ پریمیئر لیگ اسلامیہ کالج سیزن ون کی تاریخی ڈرافٹنگ تقریب کا انعقاد
چنیوٹ: چنیوٹ کی صفِ اوّل کی ہاؤسنگ سوسائٹی اقبال رائل ریذیڈنشیا، فیصل آباد روڈ چنیوٹ میں چنیوٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہارڈ بال کرکٹ ٹورنامنٹ چنیوٹ پریمیئر لیگ اسلامیہ کالج سیزن ون (CPL Season 1) کے افتتاحی ایڈیشن کی ڈرافٹنگ تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا بنیادی مقصد ضلع چنیوٹ کے نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا، کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع فراہم کرنا تھا۔
تقریب میں چیف ایگزیکٹو اقبال رائل ریذیڈنشیا چوہدری مسعود اقبال، چوہدری محمد سعید اسلم، سابق سی او میونسپل کمیٹی چنیوٹ رانا محمد نواز، چوہدری رضوان سونی آرائیں، ڈی ایس پی سٹی شعیب خان، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شمیم زیدی ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری علی کامران ہرل ایڈووکیٹ، سرپرست ڈسٹرکٹ سپورٹس سید نور الحسن شاہ، ملک محمد ارشد، مہر شاہد منظور، حاجی اکرم ساگر چوہدری، رانا فیصل، ملک آصف، پیرزادہ اقبال حسین، صدر فرنیچر ایسوسی ایشن قیصر شہزاد ہمبڑ، عثمان حیدر، ڈاکٹر محمد احمد، عامر صدیقی، مولانا عمر الیاس چنیوٹی اور ملک فلک شیر کھوکھو سمیت دیگر معزز شخصیات اور ضلع چنیوٹ کے نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے چوہدری مسعود اقبال کی جانب سے چنیوٹ میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے ایسے مقابلے نوجوانوں میں صحت مند مسابقت، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
چنیوٹ پریمیئر لیگ اسلامیہ کالج سیزن ون کا یہ اقدام ضلع میں ہارڈ بال کرکٹ کے فروغ اور مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی اور چنیوٹ کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔