14/09/2026
راولپنڈی:
*منسٹر پراسیکیوشن پنجاب رانا بلال صاحب* کی سرپرستی اور *محترم پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ صاحب* کی ہدایات پر پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان مؤثر تعاون کے فروغ اور تفتیشی افسران کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافے کے لیے منعقدہ 4 روزہ تربیتی ورکشاپ کے چوتھے اور آخری روز اہم قانونی موضوع پر خصوصی تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کے آخری روز *ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر راولپنڈی رحمان شوکت بھٹی* نے *Gender-Based Violence (GBV)* سے متعلق مقدمات کی مؤثر تفتیش اور پراسیکیوشن کے حوالے سے تفتیشی افسران اور متعلقہ اہلکاروں کو تفصیلی لیکچر دیا۔
تربیتی سیشن کے دوران شرکاء کو *جینڈر بیسڈ وائلنس* کے مقدمات میں تفتیش کے بنیادی قانونی تقاضوں، شواہد کے بروقت حصول اور محفوظ رکھنے، متاثرہ افراد کے ساتھ حساس اور قانونی تقاضوں کے مطابق رویے، بیانات کی درست دستاویز بندی، میڈیکل و فرانزک شواہد کے حصول، چالان کی بروقت تکمیل اور مقدمات کی مؤثر پراسیکیوشن کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کی گئی۔
لیکچر کے دوران اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ *GBV* سے متعلق مقدمات میں تفتیش کے ابتدائی مرحلے سے ہی شواہد کی درست دستاویز بندی، متاثرہ شخص کے حقوق اور رازداری کا تحفظ، متعلقہ قانونی و طبی تقاضوں کی تکمیل اور تفتیشی مراحل کی بروقت تکمیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے، تاکہ عدالت میں مقدمہ مضبوط انداز میں پیش کیا جا سکے۔
اس تربیتی سیشن میں SSIOU کے تمام تفتیشی افسران جبکہ تمام تھانوں کے محررانِ مالخانہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے تربیتی سیشن کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے *GBV* مقدمات کی تفتیش کے دوران پیش آنے والے مختلف قانونی، عملی اور تکنیکی امور سے متعلق سوالات کیے، جن کے تفصیلی جوابات اور رہنمائی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر *ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر راولپنڈی میاں عمران رحیم* نے کہا کہ پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے تفتیشی افسران کی پیشہ ورانہ تربیت اور قانونی امور سے آگاہی کو مقدمات کی مؤثر پیروی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
*سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا* نے بھی پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تفتیشی افسران کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے ایسی تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
4 روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران تفتیشی افسران کو مختلف اہم قانونی موضوعات، شواہد کے حصول و تحفظ، تفتیش کے معیار، چالان کی تکمیل اور مؤثر پراسیکیوشن کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔ ورکشاپ کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے آئندہ بھی ایسی تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ مقدمات کی تفتیش اور پراسیکیوشن کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور عدالتوں میں مؤثر قانونی پیروی کے ذریعے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔