26/12/2023
سوال: ہماری گلی میں ایک شخص نے خطرناک کتا رکھا ہوا ہے جو وہ اس نے زیادہ تر گلی میں ہی باندھا ہوتا ہے۔ وہ تقریبا ہر گزرنے والے پر بھونکتا ہے۔ کچھ دفعہ لوگوں کو کاٹ بھی چکا ہے۔ کیا جانور کے کاٹے کی سزا اس کے مالک کو دی جا سکتی ہے؟
جواب: پاکستان پینل کوڈ میں یہ شق باقاعدہ موجود ہے (سیکشن 289) کہ اگر کوئی شخص جانور رکھے تو اس پر یہ احتیاط بھی لازم ہے کہ ایسا انتظام کرے کہ اس جانور کی وجہ سے کسی اور کو نقصان نہ ہو۔ اگر وہ شخص ایسا انتظام نہیں کرتا اور وہ جانور کسی کو کاٹتا ہے یا نقصان پہنچاتا ہے تو اس مالک کو 6 ماہ تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
یہاں دو صورتیں ہو سکتی ہیں۔
1۔ مالک نے صرف لاپروائی کی اور اس کی لاپروائی کی وجہ سے اس کے جانور نے کسی کو نقصان پہنچایا۔ اس صورت میں پہلے بتائی گئی سزا ہو گی۔
2۔ مالک نے جان بوجھ کر کسی پر کتا یا اپنا پالتو جانور چھوڑا اور جانور نے مالک کے اشارے پر کسی کو نقصان پہنچایا تو اب اس متاثرہ شخص کو جو نقصان پہنچا تو مالک پر اس نقصان کی ایف آئی آر درج ہو گی۔ مثلا اگر کوئی شخص اس جانور کے حملے میں مر گیا تو مالک پر قتل کا مقدمہ درج ہو گا۔ اس کو ویسے ہی سزا ہو گی جیسے ایک قاتل کو ہوتی ہے۔ متاثرہ شخص کو کوئی سیریس انجری ہوئی ہے تو مالک پر اس زخم کی ایف آئی آر درج ہو گی۔ بالکل ایسے جیسے وہ زخم اس نے خود لگایا ہو۔
1940 میں سندھ میں ایک دلچسپ کیس ہوا تھا۔ گگومل مل چند نامی ایک شخص گھوڑا لے کر آیا اور اسے گلی میں ایک درخت کے ساتھ باندھ کر دکان کے اندر چلا گیا۔ اسی اثنا میں وہاں ایک شخص اپنے اونٹ کے ساتھ گزرا۔ گگومل کے گھوڑے نے اس شخص کو لات ماری اور زخمی کر دیا۔ یہ شخص عدالت میں آ گیا کہ گگومل کے گھوڑے کی وجہ سے وہ زخمی ہوا اسے سزا دی جائے۔ پولیس نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا کہ گگومل نے اپنے جانور کے معاملے میں لاپروائی برتی جس سے اس شخص کا نقصان ہوا۔ گگومل کا اپنے دفاع میں کہنا تھا کہ اس کا گھوڑا سدھایا ہوا ہے۔ وہ خطرناک جانور نہیں ہے۔ اس کی کبھی ایسی کوئی نیت نہ تھی کہ وہ متاثرہ شخص کو نقصان پہنچائے۔ اس کا جرم نہیں بنتا۔ عدالت نے کہا کہ کیس کا ریکارڈ بتاتا ہے کہ تم نے جس گلی میں گھوڑا باندھا تھا اس گلی کی چوڑائی 10 سے 12 فٹ ہے۔ تمہارے گھوڑے کی رسی باندھنے کے بعد 6 فٹ لمبی تھی۔ مطلب یہ کہ تم نے گزرنے والوں کیلئے صرف 4 سے 6 فٹ کا راستہ چھوڑا۔ یہ مناسب احتیاط نہیں تھی۔ تم نے لاپروائی برتی۔ تم پر جرم ثابت ہوتا ہے اور گگومل کو سزا سنائی گئی۔ گگومل اپیل لے کر ہائیکورٹ تک آیا لیکن ہائیکورٹ نے بھی اسے مجرم برقرار رکھا اور اس کی سزا بھی برقرار رکھی۔Gagumal Mulchand vs. Emperor (AIR 1940 Sindh 172
ایک شخص جو اپنے جانور کا خیال نہیں رکھتا اور اس کی لاپروائی سے جانور دوسروں کا نقصان کرتا ہے، سزا کا مستوجب ہے۔
طاہر چودھری، ایڈووکیٹ ہائیکورٹ، لاہور۔
03336669850.