21/02/2026
بنجوسہ ٹورسٹ لاج میں آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم بیٹھک منعقد ہوئی، جس میں پونچھ ڈویژن بالخصوص ضلع پونچھ کے اندر سیاحوں کے ساتھ رویے کی بہتری اور سروسز کے معیار کو بلند کرنے پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ آزاد کشمیر، خصوصاً پونچھ، قدرتی حسن، جھیلوں، سرسبز جنگلات اور خوشگوار موسم کے باعث سیاحت کے بے پناہ امکانات رکھتا ہے۔ تاہم سیاحوں کے ساتھ غیر پیشہ ورانہ رویہ، صفائی کے مسائل، ٹرانسپورٹ کی دشواریاں اور معیاری رہائش کی کمی اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
اجلاس میں درج ذیل نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا:
سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور مہمان نوازی کے فروغ کے لیے مقامی سطح پر تربیتی ورکشاپس کا انعقاد
ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور ریسٹورنٹس میں سروس اسٹینڈرڈ کو بہتر بنانے کی ضرورت
صفائی، پارکنگ اور دیگر بنیادی سہولیات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانا
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کے درمیان مؤثر رابطہ اور کوآرڈینیشن کو فروغ دینا
مقامی نوجوانوں کو ٹور گائیڈ اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں
شرکاء نے اپنی اپنی آراء پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پونچھ کو ایک مثالی سیاحتی ضلع بنانے کے لیے اجتماعی اور مربوط اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ نہ صرف سیاحوں کا اعتماد بحال ہو بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے۔
اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عملی اقدامات اور باہمی تعاون کے ذریعے آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبے کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ توقع ظاہر کی گئی کہ مستقبل قریب میں مشترکہ کوششوں سے سیاحوں کو بہتر ماحول، معیاری سہولیات اور خوشگوار تجربہ فراہم کیا جا سکے گا۔