19/06/2026
۔IRIS میں بجلی کے بل کا ٹیکس دو ٹیبز میں کیوں ظاہر ہوتا ہے؟
اگر آپ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کے IRIS پورٹل پر انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرتے ہیں تو ممکن ہے آپ نے یہ بات نوٹ کی ہو کہ بجلی کے بل پر کٹنے والا انکم ٹیکس (سیکشن 235) بیک وقت دو مختلف ٹیبز، Adjustable Tax اور Fixed / Minimum Tax میں نظر آتا ہے۔
اکثر ٹیکس گزار اس صورتحال پر حیران ہوتے ہیں کہ ایک ہی ٹیکس دو مختلف جگہوں پر کیوں موجود ہے۔ درحقیقت یہ IRIS پورٹل کی کوئی خرابی نہیں بلکہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 235(4) کی قانونی ضروریات کا نتیجہ ہے۔
قانون کے مطابق اگر کوئی فرد (Individual) یا ایسوسی ایشن آف پرسنز (AOP) سال بھر میں 360,000 روپے یا اس سے کم بجلی استعمال کرتا ہے، تو اس کے بجلی کے بل پر کٹا ہوا ٹیکس "Minimum Tax" تصور کیا جاتا ہے۔
ایسی صورت میں یہ ٹیکس نہ ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس کا ریفنڈ حاصل کیا جا سکتا ہے، لہٰذا اسے IRIS میں Fixed / Minimum Tax کے تحت ظاہر کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب اگر سالانہ بجلی کے بلوں کی مجموعی رقم 360,000 روپے سے تجاوز کر جائے تو یہی ٹیکس "Adjustable Advance Tax" بن جاتا ہے۔
اس صورت میں ٹیکس گزار اسے اپنی سالانہ ٹیکس ذمہ داری کے خلاف ایڈجسٹ کر سکتا ہے اور بعض حالات میں ریفنڈ کا بھی حقدار ہو سکتا ہے۔ ایسے کیسز میں یہ رقم Adjustable Tax کے ٹیب میں درج کی جاتی ہے۔
قانون رجسٹرڈ کمپنیوں کے لیے الگ اصول مقرر کرتا ہے۔ کمپنیوں کے معاملے میں بجلی کے بل پر کٹنے والا ٹیکس ہمیشہ Adjustable Tax شمار ہوتا ہے، خواہ بجلی کے بل کی مالیت کچھ بھی ہو۔
ٹیکس ماہرین کے مطابق اگر کسی شخص کے نام پر ایک سے زائد بجلی کے میٹر موجود ہوں تو تمام میٹرز کے سالانہ بلوں کو جمع کر کے 360,000 روپے کی حد کا تعین کیا جاتا ہے۔ یہی مجموعی رقم فیصلہ کرتی ہے کہ ٹیکس Adjustable ہوگا یا Fixed/Minimum۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بعض ٹیکس گزار غلطی سے ایک ہی ٹیکس رقم دونوں ٹیبز میں درج کر دیتے ہیں، جس سے ریٹرن میں تضادات پیدا ہوتے ہیں اور FBR کے سسٹم میں مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔ اس لیے ریٹرن فائل کرتے وقت سالانہ بجلی کے بلوں کا درست حساب لگانا اور متعلقہ ٹیب کا انتخاب کرنا انتہائی ضروری ہے۔
G.A Law Firm
03434669031